9 May Se 8 February Tak - Ali Furqan
9 May Se 8 February Tak - Ali Furqan
Couldn't load pickup availability
٭ یہ کتاب پاکستان کی سیاسی تاریخ کے اُس دور کا ریکارڈ ہے جب ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے سچی جھوٹی خبریں، تجزیوں اور تبصروں کی بہتات تھی۔ فیک نیوز اور پراپیگنڈا کی بھیڑ میں حقائق اور سچ کی آواز کہیں دب گئی تھی۔ ایسے میں ،میں نے خبروں کی بھیڑمیں انٹرویوز کے ایک سلسلے کا آغاز کیا یعنی کہ ’پاکستان کی سیاست کی کہانی خود سیاست دانوں کی زبانی سنانے‘کی ایک سعی کی، یہ کتاب انہی انٹرویوز کا مجموعہ ہے۔
٭ پاکستان میں سال دوہزار چوبیس کے عام انتخابات کئی حوالوں سے تاریخی رہے۔ یہ عام انتخابات، اس مرتبہ قطعی عام نہیں تھے، اِن کے خاص ہونے کی سب سے اہم وجہ ملک کی ایک بڑی سیاسی قوت کو سیاست سے آوٹ کرنے کی وہ کوشش تھی جو انتخابات سے قبل اور انتخابات کے بعد بھی جاری رہی۔
٭ سال دوہزار تئیس کے آواخر میں گوں مگوں کی کیفیت میں قائم ہونے والی نگران حکومت نے فروری دو ہزار چوبیس کے عام انتخابات کا اعلان کیا۔ اگرچہ ملک کے فیصلہ سازوں، طاقت کے مخصوص حلقوں اور بعض سیاسی قوتوں کے درمیان کھینچا تانی جاری تھی لیکن انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد پاکستانی سیاست کی سدا بہار جماعتیں یعنی پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی)، مذہبی و قوم پرست جماعتیں ، پوری طاقت سے انتخابی میدان میں اُتریں۔ البتہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سرگرمیاں محدود اور انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار تھیں۔
٭ غیر یقینی کی یہ صورتحال صرف پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ پورے انتخابی عمل کے حوالے سے پائی جاتی تھی جس کی وجہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اسمبلیاں تحلیل ہونا اور 90 روز میں الیکشن کرانے کی مدت گزرجانے کے باوجود دونوں صوبوں میں انتخابات کا نہ ہونا تھا، جسے مزید ہوا نگران حکومت کی تین ماہ کی مدت میں توسیع نے بھی دی۔
٭ انتخابات کے حوالے سے بے یقینی اور سیاسی بداعتمادی کی صورتحال کچھ پہلے سے جاری تھی جس کی ایک بڑی وجہ دوہزار تئیس کا نو مئی تھا۔
٭ نو مئی اس مجموعی دگرگوں سیاسی صورتحال میں وہ اہم دن ہے جسے ملک کے اندرونی سیاسی خلفشار کی تاریخ میں آئندہ بھی یاد رکھا جائے گا۔ جسے یاد نہ رہا، اسے یاد کرایا جائے گا۔ یہ وہ دن تھا جب سابق وزیر اعظم عمران خان کو اسلام آباد کی ایک عدالت میں پیشی کے موقع پر گرفتار کر لیا جاتا ہے جس کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد ،احتجاج اور ہنگامے پھوٹ پڑتے ہیں۔ یہ احتجاج اس وجہ سے بھی غیر معمولی تھے کہ ِان کا نشانہ طاقت ور پاکستانی فوج کا صدر مقام اور اُس کے تقدس کی علامت ’جی ایچ کیو‘ اور دیگر فوجی مراکز و تنصیبات بنیں۔
٭ نو مئی کے واقعات کو لے کر فوج کی جانب سے شدید ردعمل دیکھا گیا اور پی ٹی آئی پر ملک دشمنی اور بغاوت کے الزامات لگا کر اس کی قیادت اور کارکنوں کی گرفتاریاں شروع ہوگئیں۔
٭ ایک ایسا وقت جب ملکی سیاسی جماعتیں لرزتی، ڈگمگاتی جمہوریت کو سنبھالنے کے لیے خود کو تیار کر رہی تھیں، میں نے اس وقت کو غنیمت جانا اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور اہم رہنماؤں کے انٹرویوز کا ایک سلسلہ ترتیب دیا۔ یہ فیصلہ بھی کیا کہ موجودہ حکومتی ذمہ داران اور آئینی عہدوں پر موجود افراد سے سیاسی حالات اور الیکشن پر بات کی جائے۔ اس کے لیے نگران حکومت کے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، صدر عارف علوی سے انٹرویوز کیے اور اس کے بعد سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے بھی گفتگو کے لئے وقت لینا شروع کردیا۔
٭ سیاسی قائدین کے ان انٹرویوز کے سلسلے میں مجھے اندرون سندھ، کراچی، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بعض شہروں کا سفر بھی کرنا پڑا۔ انتخابات کے دن ہوں تو لیڈر اپنی پارٹی پالیسی اور انتخابات کے رٹے رٹائے جملے تو ریلیوں اور جلسوں میں بولتے ہی ہیں لیکن مجھے ان سیاسی ہیوی ویٹ امیدواروں سے نہ صرف انتخابات کے بارے میں جاننا تھا بلکہ اس گتھی کو سلجھانے کی بھی کوشش کرنا تھی کہ انتخابات کے بعد وہ کیا کریں گے؟
٭ سیاسی ماحول گرم تھا۔ اس لیے تمام سیاسی قائدین سے حالات حاضرہ پر بھی بات ہوتی رہی اور میرے سوالات نے انہیں کچھ نہ کچھ سیاسی مخالفین پر جملے بازی کا موقع بھی فراہم کردیا۔ لیکن میری بھرپور کوشش یہ رہی کہ ان انٹرویوز میں روایتی گفتگو سے آگے کی کچھ بات کرسکوں۔ میری محنت یوں رنگ لائی کہ اِن انٹرویوز کو سیاسی، عوامی اور صحافتی حلقوں میں بڑی پذیرائی ملی۔ جس کی ایک مثال یہ ہے کہ یہ تمام انٹرویوز ٹی وی چینلز کی ہیڈ لائنز، اخبارات کی شہ سرخیاں، ٹی وی مذاکروں اور عوامی محفلوں میں موضوع بحث بنے رہے۔ یقینا یہ اس پزیرائی کا ہی نتیجہ ہے کہ اسے ایک کتاب کی صورت پیش کیا جارہا ہے۔
٭ الیکشن سیریز کے ان انٹرویوز کے لیے میرے انتخاب پر میں’ وائس آف امریکہ ‘کے اپنے ایڈیٹر کا بہت مشکور ہوں جنہوں نے مجھے عام انتخابات جیسے اہم موقع پر سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے انٹرویوز کرنے کا موقع دیا۔
٭ یہ کتاب اب آپ کے ہاتھ میں ہے۔ لیکن اس کام کی تکمیل پر میں اپنے اُن تمام احباب کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے کتاب لکھنے کی ترغیب دلائی، جہاں ضرورت پڑی وہاں درستگی فرمائی اور جب کبھی میں نے سستی دکھائی تو مجھے دھکا بھی لگایا ، اِن سب کی اجتماعی کاوش کا ثمر ہے کہ میں اس قلمی جسارت کواپنی زندگی کی پہلی کتاب کی صورت میں پیش کرسکا ہوں۔
Title: 9 May Se 8 February Tak - نو مئی سے آٹھ فروری تک
Author: Ali Furqan
Subject: Politics, Interviews
ISBN: 9693536762
Language: Urdu
Number of Pages: 170
Year of Publication: 2025






















